55 سال میں ریٹائرمنٹ کی تجویز وزیراعظم کو پیش ، صرف سویلین پر اطلاق ہوگا

اسلام آباد(صباح نیوز)ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال کرنے کی تجویز وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق 55سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کی تجویز پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی ہے تاہم اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا، ابھی ابتدائی تجویز ہی سامنے آئی ہے۔ 55سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہوا تو اس کا اطلاق صرف سول ملازمین پر ہوگا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو 55 سال میں ریٹائرمنٹ کی حد مقرر کرنے پر مثبت رسپانس نہیں ملا،

اگر ریٹائرمنٹ کے لیے پچپن سال کی عمر کا تعین کیا جاتا ہے تو اس وقت متعدد بیوروکریٹس ریٹائر ہو سکتے ہیں۔ بیوروکریسی 55 سال میں ریٹائرمنٹ کی خواہشمند نہیں ہے۔ دوسری طرف وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے حاضر سروس ملازمین کو کنٹری بیوشن پنشن اسکیم میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ حاضر سروس ملازمین کو نئے بھرتی ہونے والوں کی طرز پر کنٹری بیوشن پنشن اسکیم کا حصہ بنایا جائے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر وزارت خزانہ میں حاضر سروس ملازمین کو کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم میں شامل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایک دہائی سے زائد فریز فیڈرل سیکرٹریٹ الائونس کو بحال کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔