مردان (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا ہے کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے مدارس کے پانچوں بورڈز مل بیٹھ کر اس کا مناسب حل نکالیں، جماعت اسلامی کا موقف واضح ہے کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن محکمہ صنعت کی بجائے محکمہ تعلیم کے ساتھ ہو۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی ضلع مردان کے زیر اہتمام جامعہ اسلامیہ تفہیم القرآن مردان میں ایک روزہ اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق، نگران صوبائی امیر خیبرپختونخوا عبد الواسع اور ضلعی امیر غلام رسول نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کی غلبہ کے لئے کوشاں ہیں۔ ہم ہر محاذ پر بے دینی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ مدارس اسلام کے قلعے ہیں ان کی حفاظت ہم سب کی زمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک اسلامی سیاسی تحریک ہے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل اسلام کے عادلانہ نظام میں ہے۔
جماعت اسلامی ملک کے اندر فلاحی اسلامی ریاست کے قیام کے ساتھ دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی پشتیبان بھی ہے۔انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 29دسمبر کو مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف اسلام آباد میں ایک عظیم الشان مارچ کا اعلان کیا ہے۔ ان شاء اللہ اس مارچ میں اسلامیان پاکستان جوق در جوق شرکت کریں گے۔