اسلام آباد(صباح نیوز)شام میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزارت خارجہ نے شام میں موجود پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شام میں موجود پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، اہلخانہ فون نمبر یا ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق شام میں 1200 پاکستانی ہیں، تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور دمشق سفارتخانہ سے رابطے میں ہیں۔ پاکستان میں رابطے کے لیے درج ذیل فون نمبر: 051-9207887 اور ای میل cmu1@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دمشق میں پاکستانی سفارتخانہ شام میں موجود پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے۔ شام میں رابطے کے لیے درج ذیل فون نمبر/واٹس ایپ +963987127822، +963990138972 اور ای میل parepdamascus@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ شام میں صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد پاکستانی شہری پھنس گئے ہیں۔دوسری جانب
شام کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ دمشق میں پاکستان کا سفارتی عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے اساتذہ اور عملہ بھی محفوظ ہے۔ تاہم، دوسری جانب شام جانے والے کئی پاکستانی زائرین کے وہاں پھنسنے کی اطلاات ہیں۔
شام میں بشارالاسد کی حکومت کے ڈرامائی خاتمے اور دمشق پر حیات التحریر الشام کے داخلے کے بعد ملک پر باغی ملیشیا کے قبضہ مکمل ہوگیا ہے، مگر اس صورتحال میں شام میں موجود دیگر غیرملکیوں کے ساتھ پاکستانی زائرین بھی مشکل سے دوچار ہوگئے ہیں۔
شامی صدر کے ملک سے فرار کے بعد حیات التحریر الشام نے سرکاری عمارتوں اور ایئر پورٹس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، فی الحال ایئرپورٹس پر آمد و رفت بند ہونے کی وجہ سے شام میں تقریبا 250 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شام میں رونما ہونے والی صورتحال میں پاکستان کے لیے فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، نتیجتاً آج لاہور کے لیے پرواز منسوخ ہونے کے علاوہ 11 دسمبر کو کراچی کے لیے پرواز بھی منسوخ ہوگئی ہے۔
دوسری جانب زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کے تحت ائیر لائنز کا آج کا شیڈول واضح نہیں، دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کے باعث زائرین میں خوف و ہراس ہے۔ شام میں موجود پاکستانی سفارتی حکام کی جانب سے شام میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، شام کی موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سفارتخانے کے نمبرز دے دئیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سے ہر سال لاکھوں زائرین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام کا سفر کرتے ہیں۔