اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیر اعظم اور کنوینر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے لیے سب کو ایک ساتھ بیٹھنا پڑے گا۔ حکومت کو پاکستان پی ٹی آئی کے مظاہرین پر گولی چلانے کے مبینہ جرم پر معافی مانگنی چاہیے۔ کمیشن بنا کر معاملے تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
اسلام آباد میں عوام پاکستان پارٹی کے اجلاس کے بعد جنرل سیکریٹری مفتاع اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت آج بھی انکاری ہے کہ 26نومبر کو کوئی گولی نہیں چلی، تاہم گولی چلنا حکومت کی ناکامی کا اعتراف ہے۔ ملک کا ہر سسٹم ناکام ہے، اصلاحات کی ضرورت ہے، ملک میں معاملات کو سلجھانے کی ضرورت ہے، توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے عمل سے متفق نہیں ہوں مگر انہوں نے کوئی حملہ نہیں کیا۔ مظاہرین اور حکومت کے اقدام پر بحث ہونی چاہیے۔ حکومت عوام کی تکلیفوں کو ختم کرے۔ بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگایا تھا، آج بھی وہی کام جاری ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کا آج تنظیمی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملکی حالات کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔ آج سیاست کی جو کیفیت ہے، اس سے ملک نہیں چل سکے گا، جب سیاست نفرت اور دشمنی میں تبدیل ہو جائے تو ملک نہیں چلے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں موجود مسائل کا حل نکالنے کی ضرورت ہے، آج زبان کی بنیاد پر ناانصافی ہورہی ہے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے لوگ عزت مانگ رہے ہیں، گزرتے وقت کے ساتھ ملک کے حالات خراب ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرم ایجنسی میں جو ہوا، اس کی حقیقت عوام جاننا چاہتے ہیں۔ حکومت کا کام عوام کی آواز دبانا نہیں ہوتا ہے، ملک میں آئین کے مطابق معاملات چلنے چاہئیں۔26ویں ترمیم آئین سے متصادم ہے، جس کو ایک رات میں پاس کرایا گیا۔
کنوینر عوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ملک میں اس وقت غربت، بے روزگاری بڑھ گئی، اس پر توجہ نہیں دی جارہی۔ وزیر خزانہ کہہ رہے ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ ہوا ہے، اسٹاک مارکیٹ کا بڑھنا نقصان ہوتا ہے، لوگوں کے پاس اور کوئی آپشن نہیں جو اس میں انویسٹ کررہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کرسی بچانے کے لیے ڈی چوک پر گولی چلائی گئی، آج حکمراں اور اپوزیشن عوام کی بات نہیں کر رہے، اس طرح ملک نہیں چل سکتا، اپوزیشن کا رویہ معاملات کو الجھانے والا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ملک کے اندر سیاسی انتشار، ملکی معیشت سب واضح ہو گیا، ملک میں اپنے لوگوں پر گولی چلائی جائے تو ملک کیسے آگے بڑھے گا۔
عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے ایک سال میں صرف اپنی کرسی مضبوط کی ہے۔ ہفتے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے اپنا پورا سال ضائع کر دیا اور اس کا کارنامہ یہی ہے کہ اس نے ہر چیز مہنگی کر دی ہے۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 40 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں اور آج کے دن میں بھی ملک میں لاکھوں بچے بھوکے سوئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی گزرتے سال کے ساتھ غریب ہو رہا ہے جبکہ دنیا میں سب سے مہنگی بجلی اور گیس پاکستان میں دستیاب ہے۔