پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے امیر عبدالواسع نے خبردار کیا ہے کہ حکومت بیرونی ایجنڈے پر پاکستان میں دینی مدارس کے متفقہ نظام کے خلاف سازشوں سے باز رہے ،26ویں آئینی ترامیم سے قبل وفاقی حکومت نے دینی جماعتوں وفاق المدارس اور اتحادی تنظیمات مدارس دینیہ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد مدارس رجسٹریشن بل کو حتمی شکل دے کراسمبلیوں سے پاس کرایا تھا اور یہ طے پایا تھا کہ جلد ہی صدرپاکستان کی منظوری کے بعد اس بل کو لاگوکیاجائے گا لیکن اب وفاقی حکومت میں شامل دونوں بڑی جماعتیں پیپلزپارٹی اور ن لیگ اس بل کے حوالے سے دہری پالیسی پرگامزن ہیں صدر پاکستان دینی مدارس رجسٹریشن بل کے قانون پر دستخط میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔
جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈکوارٹرالمرکز الاسلامی پشاور میں صوبہ بھر کے سوشل میڈیا کے ضلعی ذمہ داران کے غیررسمی اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں جماعت اسلامی صوبہ خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے کہا ھے کہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں اور بیرونی سازشوں کے زریعے پاکستان میں مدارس دینیہ کے نظام پر حملہ آورہونے سے باز رہے اور فی الفور تمام سٹیک ہولڈرز کے متفقہ مدارس رجسٹریشن بل کو قانونی شکل دے کر اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں انہوں نے خبردار کیا ھے کہ جماعت اسلامی پاکستان میں دینی مدارس کے خلاف کسی بھی اندرونی اور بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔