معاشرے میں امن قائم کرنے میں پولیس کا اہم کردارہے،امن اور ترقی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں،احسن اقبال

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن قائم کرنے میں پولیس کا اہم کردارہے،امن اور ترقی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں،کسی بھی معاشرے یا ملک کی ترقی کا انحصار وہاں کے امن و امان کی صورتحال پر ہوتا ہے،جہاں امن ہوگا، وہاں سرمایہ کاری، تعلیمی مواقع، روزگار اور معیشت کو فروغ ملے گا۔

اسلام آباد میں پولیس عوام ساتھ ساتھ کے نئے فیز کے آغاز پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ امن اور ترقی کاآپس میں گہرا تعلق ہے۔ امن کے بغیرکوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے چیلنجزکو مواقع میں بدلناہے۔ معاشرے میں امن قائم کرنے کیلئے پولیس کو جدیدخطوط پر استوار کرناضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے۔نوجوانوں اور خواتین کو بااختیاربنانیکیلئے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پولیس سمیت دیگر شعبوں میں خواتین اہم کردار اداکررہی ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ معاشرے میں امن و امان قائم رکھنے میں پولیس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ایک بنیادی ادارہ ہے۔ پولیس کا کردار نہ صرف جرائم کی روک تھام بلکہ سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط اور منظم پولیس فورس امن کے قیام اور شہریوں کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے پولیس کو جدید تربیت اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ وہ مزید مثر طریقے سے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔

انہوں نے کہاکہ امن کے بغیر نہ صرف داخلی مسائل پیدا ہوتے ہیں بلکہ بیرونی سرمایہ کار بھی ایسے ممالک میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کرتے ہیں، جس سے ترقی کا عمل رک جاتا ہے۔ ایک مستحکم اور پرامن ماحول ہی معیشت کو مضبوط کرنے، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری ہے۔یہی وجہ ہے کہ حکومتوں کو امن و امان کے قیام کے لیے مثر اقدامات کرنے اور عوام میں باہمی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے پر توجہ دینی چاہیے۔ امن ہی وہ بنیاد ہے جس پر ترقی کی عمارت کھڑی کی جا سکتی ہے