کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کی اہم شاہراہ بند کرنے پر کے ڈی اے ، کے ایم سی اور دیگر اداروں کو علاقے کا ماسٹر پلان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کی شاہراہ فیصل سے لائنز ایریا جانے کا راستہ ایف ٹی سی فلائی اوور سے بند کرنے کے معاملے پر کیس کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سڑک کی بندش سے لاکھوں افراد متاثر ہوتے ہیں اورگاڑیاں رانگ وے پرجاتی ہیں۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے کہ یہاں تو رانگ وے گاڑیاں چلانے کی عادت ہے، کراچی میں ہائی وے پر بھی لوگ رانگ وے گاڑیاں چلاتے ہیں،کوئی روکے تو کہا جاتا ہے کہ تم کراچی میں نئے آئے ہو کیا۔
درخواست گزار نے بتایا کہ یہاں پر سروس روڈ بھی ایک ادارے نے بند کررکھا ہے۔ عدالت نے مزید ریمارکس دئیے کہ آپ کی سہولت کیلئے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں ؟۔ ملک کے حالات کا آپ کو علم ہے،وہاں کچھ تو ایسا ہوگا جس وجہ سے سڑک بند کی گئی۔
عدالت نے کے ڈی اے ، کے ایم سی اور دیگر اداروں کو علاقے کا ماسٹر پلان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔فریقین کو جواب کیلئے 4 ہفتے کی آخری مہلت دے دی گئی۔