صنفی بنیاد پر تشدد ایک اہم مسئلہ ہے، رویے بدلنے کی ضرورت ہے،اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر قانون و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ  صنفی بنیاد پر تشدد ایک اہم مسئلہ ہے،  رویے بدلنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ صنفی بنیاد پر تشدد ایک اہم مسئلہ ہے، پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، خواتین کے بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دین بھی خواتین کے حقوق کے تحفظ پر زوردیتا ہے، متوازن معاشرہ ہونا چاہیے جس میں مرد اور عورت ایک جیسے حقوق رکھتے ہوں، ہمیں ایسے معاشرے کی ضرورت ہے جس میں گھر کا ہر فرد ملکی ترقی میں حصہ ڈالے، ہمارا دین بہت زیادہ حقوق دیتا ہے، دین کے مطابق چلیں تو ساری چیزیں کہنے کی ضرورت نہ پڑے۔وفاقی وزیر قانون نے کہا  کہ دین میں ماں اور بہن کا حق واضح موجود ہے، ہمیں اپنے رویے بدلنے کی ضرورت ہے، خواتین اور بچوں پر تشدد کے خلاف سختی سے محاذ کھولنا پڑے گا۔