پنجاب پولیس نے ضلع میانوالی میں تھانہ چاپری پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا، 4 دہشتگرد ہلاک

میانوالی ،لاہور(صباح نیوز) پنجاب پولیس نے ضلع میانوالی میں تھانہ چاپری پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔ 4 دہشتگرد ہلاک کردئیے۔ ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے میانوالی کے تھانہ چاپری پر اچانک حملہ کیا  جبکہ دہشتگردوں کی جانب سے تھانے کی عمارت پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز بھی پھینکے گئے۔  ترجمان کے مطابق پولیس کی بروقت جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد  ہلاک ہوگئے جب کہ دو پولیس اہلکار معمولی زخمی بھی ہوئے۔واقعے کے بعد ڈی پی او فاروق اختر دیگر پولیس افسران کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔

حملہ ناکام ہونے پر خوارج دہشت گرد قریبی علاقے میں فرار ہوگئے جن کی تلاش میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں مزید 2 خوارج ہلاک ہوگئے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ  تھانہ چاپری کے عملے اور ایلیٹ فورس سمیت آپریشن میں شامل تمام جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کے جوانوں کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس امن دشمنوں کا بہادری سے مقابلہ کرتی رہے گی اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔