نارووال(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ساتویں زراعت شماری کسانوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے، برآمدات میں اضافے اور قوم کے لئے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے لئے معاون ومددگار ثابت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی ساتویں زراعت شماری “پہلا مربوط ڈیجیٹل شمار ” کے لئے پنجاب کے فیلڈ سٹاف کی تربیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نیساتویں زراعت شماری کے انعقاد کے لئے پاکستان ادارہ شماریات کی جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سرسبز پاکستان کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زراعت شماری زرعی پیداوار اور برآمدات کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ، بروقت اور مستند اعداد و شمار فراہم کرے گی۔ اس تربیت کو درست اور بروقت زرعی اعداد و شمار جمع کرنے کی کوششوں میں ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ساتویں زراعت شماری کی کامیابی کا دارومدار ہمارے تربیت کاروں اور شمار کنندگان کی اہلیت اور لگن پر ہے۔ یہ ضروری ہے کہ آج یہاں فراہم کردہ علم اعداد و شمار جمع کرنے کے عمل میں مستقل مزاجی اور اعتماد کو یقینی بنائے۔
وفاقی وزیر نے پائیدار زرعی طریقوں اور قومی اقتصادی نمو کے درمیان تعلق پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ زراعت شماری فصلوں کی پیداوار، آبپاشی اور لائیو سٹاک مینجمنٹ میں بہتری کے لئے علاقوں کی نشاندہی کرنے میں مدد کرے گی، جس سے بالآخر زرعی پیداوار میں اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔پاکستان ادار شماریات نے ڈیٹا سائنس اور ریسرچ میں تعاون بڑھانے کے لئے یونیورسٹی آف نارووال اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی( یو ای ٹی )نارووال کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ۔ علم کے تبادلے، نصاب کی ترقی اور مشترکہ تحقیقی اقدامات پر مرکوز یہ شراکت داری طلبا اور محققین کو ڈیٹا تجزیات میں مہارت سے آراستہ کرتے ہوئے پاکستان میں جدت طرازی کو فروغ دینے اور اس شعبے کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو گی۔
ساتویں زراعت شماری پاکستان میں زراعت کے حوالے سے باخبر فیصلہ سازی کے ذریعے کسانوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے، برآمدات میں اضافے اور قوم کے لئے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے لئے معاون ومددگار ثابت ہو گی۔فوکل پرسن برائے ساتویں زراعت شماری محمد سرور گوندل (ستارہ امتیاز) ممبر (سپورٹ سروسز/آر ایم) نے پاکستان کے قومی زرعی منظرنامے میں نارووال کی زراعت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اورپاکستان ادار شماریات نے یونیورسٹی آف نارووال اور یو ای ٹی نارووال کے ساتھ اعداد و شمار کا استعمال کرتے ہوئے باخبر فیصلہ سازی اور ڈیٹا سائنس، تحقیق اور نصاب کی ترقی میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے طویل مدتی تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ۔
پنجاب میں تقریبا 3118 شمار کنندگان اور سپروائزرز کو انٹرایکٹو تربیتی مواد کے ذریعے جس میں ہدایات نامے، آڈیو اور ویڈیو ٹیوٹوریل اور کیس اسٹڈیز شامل ہیں، فیلڈ آپریشنز کے لئے تربیت دی جائے گی، تاکہ قابل اعتماد اعداد و شمار جمع کیے جاسکیں اور ہر سطح پر معیاری تربیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ تقریب میں اراکین قومی اسمبلی، اراکین صوبائی اسمبلی، ضلعی انتظامیہ کے حکام اور زراعت اور لائیو سٹاک جیسے اہم شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے وائس چانسلرز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔