خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے، سپیکر ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

 اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور پارلیمنٹ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام نا ممکن ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین میں جاری ظلم اور بربریت کا نوٹس لے اور فوری طور پر اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فلسطین میں جاری نسل کشی اور جبری نقل مکانی کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورت حال پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج اس وقت سکولوں، ہسپتالوں اور پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسرائیلی افواج کی جانب سے بچوں، خواتین اور معصوم شہریوں کا قتل عام انتہائی شرم ناک ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطین کے قیام اور یروشلم کو اس کا دارالحکومت بنانے میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو دبا نہیں سکتے اور پاکستان فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد صرف ان کی آزادی کے لیے نہیں بلکہ یہ پوری انسانیت کی جدوجہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ایک سال سے جاری بربریت، خاص طور پر غزہ میں ظلم و تشدد، انسانی تاریخ کے بدترین مظالم میں شامل ہیں۔ انہوں نے مسلم دنیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر عملی اقدامات کریں