جلاؤ گھیراؤ مقدمہ ، عمر ایوب اور زرتاج گل کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں منظور

گوجرانوالہ (صباح نیوز)نومئی ہنگامہ آرائی اور  جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں قوی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔اے ٹی سی گوجرانوالہ میں عمر ایوب، زرتاج گل اور احمد چٹھہ کے خلاف 9 مئی کے مقدمہ میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، تینوں ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ملزمان کی طرف سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں، درخواست میں راستوں کی بندش کو جواز بنایا گیا ہے۔عدالت نے پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر احمد چٹھہ کی درخواست منظور کر لی جبکہ عمر ایوب اور زرتاج گل کو حکم دیا کہ اپنے کونسل کے ذریعے درخواست جمع کروائیں۔بعدازاں عمر ایوب اور زرتاج گل نے اپنے وکیل کے زریعے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں جمع کروا دیں جو عدالت نے منظور کر لیں اور درخواستوں پر سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی۔