ایک خاتون نے کل پاکستان پر حملہ کیا ہے، میں حیران رہ گئی، مریم نواز

تونسہ شریف (صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک خاتون جن کا سیاست سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں، کل انہوں نے پاکستان پر جو حملہ کیا ہے، مجھے اپنی کانوں اور آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔

پنجاب کے شہر تونسہ شریف میں بلوچستان کے لیے آبپاشی منصوبے کچھی کینال کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے ایسے دوست ملک پر حملہ کیا، جو ہر مشکل میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔انہوں نے کہا کہ وہ دوست ملک پاکستان کی مدد کو آیا، اور پاکستان کا ایک قابل بھروسہ دوست ہے، پاکستان کا محسن ہے، اس کے اوپر انہوں نے حملہ کیا تو میں حیران رہ گئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نہیں مان سکتی کہ ان کو اس کے نتائج کا نہیں پتا، پاکستان کے اوپر اس کے نتائج کا نہیں پتا، اور اس سے جو بگاڑ پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، اس کو ان کی خبر نہیں ہے، یہ بات میں نہیں مان سکتی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ میں کہنا چاہتی ہوں کہ جہاں اندرونی حملے بھی ہو رہے ہیں، اس دن بھی وزیراعظم آپ سے درخواست کی تھی،

آپ نے کہا تھا کہ ملک کی ترقی میں ایک ہی چیز خلل ڈال سکتی ہے، اور وہ دہشتگردی ہے، آپ کی بات بالکل درست ہے، لیکن یہ صرف دہشت گردی نہیں ہو رہی ہے۔ان کا بات جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا کہ جو حملے خیبرپختونخوا سے پنجاب کے اوپر ہو رہے ہیں، یہ مناظر میں نے 76 سال کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھے، یہ حملے خارجی یا دہشت گرد نہیں کررہے یہ حملے خیبرپختونخوا کی حکومت پنجاب اور وفاق پر کر رہی ہے اور ایک اور حملے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پاکستان ترقی کررہا ہے، ایسے وقت میں جب پاکستان پر چھائی ہوئی گرد ہٹنے جا رہی ہے، پاکستان ترقی کے راستے پر آرہا ہے،

ایسے وقت میں یہ لوگ کیوں دھرنے لے کر آ جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی سمجھ نہیں آتی، ان کا ایجنڈا بہت خطرناک ہے، جو میرا خیال ہے کہ ہماری بھی سمجھ سے باہر ہے، ورنہ ہوش و حواس میں کوئی ایسا پاکستانی جس کے دل میں تھوڑی سی بھی اپنے وطن کی، اپنی مٹی کی محبت ہو، وہ یہ کام کر ہی نہیں سکتا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ہم دشمنوں سے خود کا دفاع کریں یا اپنے لوگوں سے ڈیفینڈ کریں، مزید کہنا تھا کہ اس دن بھی وزیراعظم کا کہا تھا کہ میرے پنجاب پولیس کے جوان ہیں، ان کے سر دہشت گرد نہیں پھاڑ رہے، ان کی ہڈیاں دہشت گرد نہیں توڑ رہے، ان کے سر ہماری اپنی خیبرپختونخوا کی حکومت پھاڑ رہی ہے، ان پر حملے خیبرپختونخوا کی حکومت کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بات ہوتی ہے کہ صوبوں کا ایک دوسرے سے جوڑنا چاہیے، یہ کچھی کینال پنجاب سے بلوچستان کو ہمیشہ کے لیے جوڑ رہی ہے، مگر یہ جو ہو رہا ہے، میری سمجھ سے باہر ہے، خیبرپختونخوا کی حکومت کے لوگوں نے وہاں سے سیدھی گولیاں پنجاب پولیس پر چلائیں۔مریم نواز نے کہا کہ میں نے انہیں سختی سے منع کیا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی ہمارے بھائی ہیں، گولیاں نہیں چلانیں، اگر کوئی طیش میں آکر گولی چلا دیتا تو خدانخواستہ وہاں شہادتیں ہو جاتیں تو اس کا ذمہ دار کون ہے؟وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صاحب اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستان کی حفاظت کیسے کرنی ہے؟ میں اچھی طرح جانتی ہوں کہ پنجاب کے عوام کا اس فتنہ سے، دہشت گردی سے کیسے تحفظ کرنا ہے، ان کے مذموم مقاصد میں ان کو ناکامی ہوگی