اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیالکوٹ اور میاں چنوں جیسے واقعات عشروں سے نافذ تعلیمی نظام کا حاصل ہیں
۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے بارہا اپنے نظام تعلیم میں تباہ کن شدت پسندی کی طرف توجہ دلائی ہے،سیالکوٹ اور میاں چنوں جیسے واقعات عشروں سے نافذ تعلیمی نظام کا حاصل ہیں یہ مسئلہ قانون کے نفاذ کا بھی ہے اور سماج کی تنزلی کا بھی، سکول، تھانہ اور منبر اگر ان تین کی اصلاح نہ ہوئی تو بڑی تباہی کیلئے تیار رہیں۔
قبل ازیں اطلاعات و نشریات کے وزیر چوہدری فواد حسین نے اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی صفوں میں اتحاد نہیں ہے اور وہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔
انہوں نے واضح کہا کہ حکومت کو اس کے تمام اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے جنہیں پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ۔ملاقات کے دوران قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے متعلق اہم امور بھی زیر بحث آئے۔