کراچی، دوگاڑیاں ٹکرا گئیں، غیر ملکی خاتون ہلاک،3زخمی


کراچی (صباح نیوز)کراچی کے علاقے دو دریا کے قریب 2 گاڑیوں تصادم کے نتیجے میں غیر ملکی خاتون ہلاک اور 3 غیر ملکی زخمی بھی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار تمام افراد غیر ملکی ہیں، متاثرہ افراد کی گاڑی نے دوسری گاڑی کو پیچھے سے ٹکر ماری۔

دو دریا پر ٹریفک حادثے میں زخمی غیر ملکی ایلوین نے پولیس کو بتایا کہ ہم کراچی یونیورسٹی میں فارمیسی کے طالب علم ہیں اور حادثے میں ہلاک خاتون اومی کا تعلق صومالیہ سے ہے۔زخمی ایلوین نے کہا کہ ٹریفک حادثے میں زخمی افراد کا تعلق کینیا سے ہے، ہم لوگ جامعہ کراچی کے ہاسٹل میں رہتے ہیں۔

غیر ملکی شہری نے پولیس کو بتایاکہ حادثے کے وقت میں گاڑی چلا رہا تھا، ہم ڈیفنس کسی کام سے جا رہے تھے، دو دریا کے قریب ٹائر پھٹنے کی آواز آئی اور کار دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔