اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباچوہدری محمد علی رندھاوا سے اسلام آباد کے اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹرطارق فضل چوہدری، راجہ خرم شہزاد نوازا ور انجم عقیل خان نے ملاقات کی۔ملاقات میں اسلام آباد کے شہریوں کو درپیش مسائل اور انکے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران، ڈی سی آئی سی ٹی اور متعلقہ ونگز کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اراکین پارلیمنٹ کو سی ڈی اے کے ہیڈ کوارٹرز میں خوش آمدید کہا اور اسلام آباد کے رہائشیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مئوثر رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری منصوبوں اور شہر کی ترقی میں اسلام آباد کے پارلیمنٹیرینز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
اراکین پارلیمنٹ نے اسلام آباد کی ترقی، خوبصورتی اور شہریوں کی فلاح کے لئے سی ڈی اے کی جانب سے مختلف اقدامات کی حمایت کا عہد کیا۔انہوں نے سی ڈی اے کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور شہر کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ملاقات میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے فنڈز کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر ڈی جی ورکس، سی ڈی اے کو ان منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کے لئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا.ملاقات میں اسلام آباد ایکسپریس وے کی گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش و ہارٹیکلچر سمیت کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی (CSR) کے تحت زیر عمل لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر ڈی جی انوائرمنٹ کو موجودہ اور نئے پارکس، گرین بیلٹس اور اوپن سپیسز کے بہترین استعمال سے متعلق امور پر فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔ملاقات میں اراکین پارلیمنٹ کو حالیہ ڈیجیٹل پارکنگ کے منصوبے اور اسکے دیگر مراکز میں توسیع کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ڈیجیٹل پارکنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی مقامی علاقے کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش پر استعمال کی جائے گی.چیئرمین سی ڈی اے نے وفد کو سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کے لئے حالیہ اسلام آباد واٹر کے ادارے کے قیام کے حوالے سے آگاہ کیا۔ملاقات میں اسلام آباد کے راولپنڈی کے ساتھ ملحقہ علاقوں میں سیوریج کے مسائل کو واسا راولپنڈی کے ساتھ ملکر حل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا. اسی طرح اسلام آباد کیلئے نئے قبرستانوں کے لئے اراضی کی ضرورت پر بھی گفتگو کی اور اس حوالے سے اسلام آباد میں مناسب اراضی کی نشاندہی کئے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ارکان پارلیمنٹ نے اسلام آباد میں الیکٹرک بسوں کے مزید روٹس چلانے پر بھی زور دیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ موجودہ روٹس کا جائزہ لیا جائے گا اور نئے روٹس کو شہریوں کی سفری ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا جائے گا۔
ملاقات میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان کو وقت اور شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترامیم پر بھی گفتگو کی گئی۔مزید برآں اسلام آباد میں مختلف زونز کے مسائل کو حل کرنے اور بلڈنگ ریگولیشنز کو آسان اور بہتر بنانے پر زور دیا.ملاقات میں اسلام آباد کے متاثرین سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا پارلیمنٹ کے اراکین کو حالیہ قانونی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔پارلیمنٹیرینز کے وفد کو بتایا گیا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں لیگل اور ریونیو کے افسران شامل ہیں تاکہ متاثرین کے حقوق کو متاثر کئے بغیر قانونی اصلاحات کی جاسکیں۔ملاقات میں لہتٹراڑ روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے آئی سی ٹی اور انفورسمنٹ ونگ کو تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشنز شروع کرنے کی ہدایت کی۔ملاقات میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی)کے لئے گورننس ماڈل پر بھی بات چیت کی گئی جس میں قانونی اور مالیاتی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ مثر کارکردگی اور اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کی جاسکیں۔ملاقات کا اختتام اس پر ہوا کہ ان مسائل کے حل کے لئے ہر دو ہفتوں میں فالو اپ ملاقاتیں کی جائیں گی اور پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا اور ان مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنایا جائے گا۔