پنجاب حکومت کے خسارے میں جانے کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،عظمیٰ بخاری


لاہور(صباح نیوز) وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ  پنجاب حکومت کے خسارے میں جانے کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ،پنجاب حکومت کی پہلی سہ ماہی میں خسارے کی خبروں کی تردید کرتی ہوں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دستاویزات وزارتِ خزانہ کی ویب سائٹ پر موجود ہیں، آئی ایم ایف نے تسلیم کیا خسارے کی رپورٹ غلط ہے اس کو ٹھیک کردیا جائے گا۔

عظمی بخاری نے کہا کہ آئی ایم ایف جلد اس رپورٹ کو اپنی ویب سائٹ پر اپلوڈ کردے گا، آئی ایم ایف نے یہ بھی تسلیم کیا پنجاب پہلے کوآرٹر میں 40 ارب سرپلس میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف وفد نے تسلیم کیا پنجاب حکومت کی 200 ارب کی سرمایہ کاری ہے، پنجاب حکومت کے خسارے میں جانے کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلے کوآرٹر میں 40 ارب کا سر پلس دیا، رواں سال کے آخر میں پنجاب حکومت 680 ارب کا سر پلس دے گی۔عظمی بخاری نے کہا کہ حکومت نے 1952 کے بعد پہلی مرتبہ گندم کا واجب الادا قرض صفر کردیا، مریم نواز کے وزیرِ اعلی بننے کے بعد پنجاب کے قرضوں میں بھی واضح کمی ہوئی۔