الخدمت فاؤنڈیشن نے وادی کیلاش میں خواتین کیلئے ووکیشنل سنٹرکا افتتاح کردیا


لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈ یشن پاکستان نے وادی کیلاش میں خواتین کیلئے ووکیشنل سنٹرکا افتتاح کردیا،مرکزی سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری، نیشنل ڈائریکٹرایجوکیشن احمدجبران بلوچ اور ریجنل صدرخالدوقاص نے خیبرپختونخواکے اضلاع چترال،اپردیراور لوئردیرکاتین روزہ دورہ کیا، فلاحی پراجیکٹس کاجائزہ لیا اور مختلف ایونٹس میں شریک ہوئے۔

قدیم تہذیبی وادی کیلاش میں ویمن ووکیشنل سنٹر بمبوریت کی پروقارافتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سیدوقاص جعفری نے کہاکہ کیلاش تاریخی، تہذیبی اور سیاحتی مرکز ہے جہاں پاکستان سمیت دنیابھرسے سیاح آتے ہیں،الخدمت فاؤنڈیشن یہا ں کی مقامی خواتین کو سلائی، کڑھائی اور دیگر ہنر سکھانے کے لئے اقدامات کررہی ہے تاکہ کیلاش قبیلے کی خواتین اپنی روایات اور ثقافت کو برقرار رکھتے ہوئے معاشی خود کفالت حاصل کر سکیں۔

انھوں نے کہاکہ ویمن ووکیشنل سنٹر کا قیام خواتین کی فلاح و بہبود اور معاشی استحکام کے لئے عمل میں لایا گیا ہے تاکہ کیلاش قبیلے کی خواتین کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی ترقی میں معاونت فراہم کی جاسکیں،کیلاش کی بہادرخواتین ہنرمنداورمحنتی ہیں ان کی صلاحیتوں کومزیدپروان چڑھانے کیلئے سنٹرقائم کیاگیا، مزیدفلاحی منصوبوں کاسلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔

سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت کے پاکستان بھرمیں 100 ووکیشنل سنٹرز قائم ہیں جن سے خواتین کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے،جو کورسزکے بعد کاروباراو ر جابز کے ذریعے اپنے خاندانوں کی کفالت کررہی ہیں۔ وادی کیلاش کے عمائدین نے فلاحی منصوبے کے قیام پر الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ اداکیا۔