لاہور(صباح نیوز) ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے عرب اور اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس کے اعلامیہ پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اتنی بڑی اور اہم کانفرنس میں غزہ فلسطین، لبنان میں مسلمانوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے کسی بھی عملی اقدامات کا اعلان نہ کر کے پوری امت مسلمہ کو مایوس کیا ہے بلکہ اس کمزور موقف کے باعث اسرائیل کو مزید شہہ ملی ہے اور اس کی سفاکیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جس وقت اسلامی سربراہوں کی کانفرنس ہورہی تھی عین اس وقت اسرائیل کے غزہ اور مغربی کنارہ پر حملے جاری تھے جو اسرائیل کی طرف سے یہ پیغام تھا کہ اس کی نظر میں اسلامی سربراہوں کی کانفرنس کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور نہ ہی ان میں اتنی ہمت ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف کوئی عملی قدم اٹھاسکیں۔