کراچی (صباح نیوم)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ محض چہروں سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے ملک وقوم کی تقدیر بدل سکتی ہے، مہنگائی،وسودی نظام معیشت نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے جو کرپشن،مہنگائی،سودی نظام کے خاتمے اور اسلامی نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے لاڑکانہ سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت اور فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ پیش کیا، اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر دعوتی وتنظیمی امور پر غور کیا گیا، محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ آج کراچی تا کشمور پورا صوبہ لاقانونیت اور بدامنی کی لپیٹ میں ہے، چوری ڈاکہ زنی،اغوا برائے تاوان کے واقعات اور سندھ کے تعلیمی اداروں میں بچیوں کے ساتھ زیادتی وہراسانی سمیت درندگی کے واقعات سب کچھ ٹھیک ہے کا راگ الاپنے والے حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔کسی بھی شہری کی جان محفوظ ہے نہ ہی مال، عام آدمی بے یارومددگار اور انصاف کیلئے دھکے کھاتا پھرتا ہے کوئی ان کی داد رسی کرنے والا نہیں ہے اسلئے جماعت اسلامی ملک میں نظام کی تبدیلی کیلئے جدوجہد کررہی ہے،عوام نے جمہوری آمریتی تمام نظام کو آزمالیا ہے اب اس ملک وقوم کی تقدیر صرف اسلامی نظام ہی بدل سکتا ہے۔
دریں اثناء صوبائی امیرمحمدحسین محنتی کا سندھ میں طلبہ یونین کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ 38 سال کے بعد سندھ میں طلبہ یونین کی بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ جمہوری و اسلامی روایات کے مطابق طلبہ تنظیموں کو کام کرنے کا موقعہ دیا جائے۔ طلبہ یونین کی بحالی سے نہ صرف تشدد و غیرجمہوری حرکتوں کی روک تھام ہوگی بلکہ اپنی مرضی کی قیادت کو منتخب کرنے کا حق اورملک و قوم کو اہل،نڈرو بھادر قیادت ملے گی.