لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے دوران آئل مصنوعات کی قیمتوں میں 60روپے فی کلو تک اضافہ قابل مذمت ہے ، عوام پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیاں کررہے ہیں ۔اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔مہنگائی میں کمی کے دعویدار ، محض کاغذی چارٹ دکھا کر قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔ ان سے خیر کی توقع نہیں ۔ عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی چپقلش اور انتقامی سیاست کو دفن کئے بغیر ملک و قوم کو آگے لے کر نہیں چلا جا سکتا ، اس کا خمیازہ قوم نے بھگت لیا ہے ۔ہمارے ہمسایہ ممالک ترقی و خوشحالی میں آگے نکل چکے ہیں، پاکستان جنوبی ایشیاء کا سب سے مہنگا ترین ملک بن چکا ہے ۔
ادارے تباہ اور کرپشن نے نظام کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی میں سب ملک کر اپنا مثبت کر دار ادا کریں۔ کوئی بھی چیز پاکستان کی سلامتی سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی۔باہمی اختلافات کو ختم کرنا وقت کا تقاضا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ 76برسوں سے پاکستان کو جس بے دردی سے لوٹا گیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ۔ چوروں لیٹروں اور کرپٹ افراد سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہو گا ۔مسلم لیگ نون اورپیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کرنے کی بجائے تجوریاں بھریں اور ملک و قوم کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے ۔ ملک و قوم کے حالات دگر گوں اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت معیشت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے ۔محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے خودکش حملے میں امریکی اسلحہ کے استعمال اور بھارتی فنڈنگ کا انکشاف، تشویشناک ہے۔ واضح ہو چکا ہے کہ دشمن قوتیں پاکستان کی سلامتی کے خلاف متحدہیں اور پاکستان کے اندر دہشت گردی میں براہ راست ملوث ہیں