لاہور(صباح نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا سافٹ امیج روشن کرنا اور خواتین کو بااختیار بنانا ان کی ترجیحات ہیں ،کنیئرڈ کالج ایک اچھا مثالی ادارہ ہے، میری خواہش ہوگی کہ خیبرپختونخوا میں اس سے بھی اچھا ادارہ قائم کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں کنیئرڈ کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری بچیاں اعلی تعلیم کے باوجود اس کی مناسبت سے ملازمت کے حصول سے محروم رہ جاتی ہیں، ہم صوبہ کی خواتین کو جدید آئی ٹی سہولیات دیں گے تاکہ انہیں ایسے اداروں سے ہم آہنگ کریں جس سے روزگار میسر ہو۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کو پابند کیا ہے کہ سینیٹ اور سنڈیکیٹ میں تین فیصد خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی جائے، ہم چاروں صوبوں میں مثبت مقابلہ کو ضروری سمجھتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں یونیورسٹیوں کی اکثریت بدقسمتی سے مستقل وائس چانسلر سے محروم اور ان کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے ۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انہوں نے ایڈورڈ کالج کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے کوششیں شروع کی ہوئی ہیں اور میں بہتری کے لیئے پرامید ہوں ، وہاں ہم نے فاٹا کے طلبہ ، حافظ قرآن ، خواجہ سرا ، اقلیتیوں ، معذور افراد کے لئے سکالر شپ رکھے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہے،ہمارے جنوبی اضلاع میں متعدد تعلیمی ادارے امن و امان کی وجہ سے بند ہیں جو انتہائی افسوس کی بات ہے ،ہمارا صوبہ افغانستان کی سرحد پر اور عالمی قوتوں نے ہمیشہ اپنے عزائم کی خاطر افغانستان کا رخ کیا اور مقاصد کے حصول کے بعد ہمیں دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا، ہمارے صوبہ کے بچوں تک نے امن کی خاطر شہادتیں قبول کیں، آرمی پبلک اسکول اس کی واضح مثال ہے ۔
انہوں نے کہاکہ میں ٹورازم کے فروغ کیلئے کوشاں ہوں، خیبرپختونخوا دنیا کی پرانی تہذیب کا محور ہے، ہمارے پاس بائیس ہزار سے زائد غیر سرکاری مذہبی ٹورازم سے وابسطہ مقامات ہیں ۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ گورنر ہائوس پشاور میں سیمینارز کلچر کے فروغ کی بنیاد ہم نے رکھ دی ہے ، علامہ اقبال اور خوشحال خان خٹک کے موضوع پر پہلا سیمینار ہم نے گورنر ہائوس میں منعقد کیا ہے۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ آپ پشاور آئیں ،گورنر ہائوس پشاور کے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں ،ہمیں اساتذہ ا ور طلبہ کی سطح پر وفود کے تبادلوں کا سلسلہ شروع کرنا چاہیئے ۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا چشمہ لفٹ کینال بنانے کا اعلان قابل ستائش ہے ۔