لاہور(صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے تعلیم کے میدان میں آگے ہونا بہت ضروری ہے،آج ہمیں علامہ اقبال کی کہی ہوئی باتوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے ،علم اور تحقیق کے بغیر کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں یوم اقبال کی مناسبت سے پنجاب یونیورسٹی لاہور میں قومی ترقی کا سفر، فکر اقبال کی روشنی میں کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے تعلیم بہت ضروری ہے،علم کی سیڑھی سے بہتر کوئی سیڑھی نہیں،نارووال میں یونیورسٹیوں کا قیام یقینی بنایا تاکہ وہاں کے بچے تعلیم یافتہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ علم کی طاقت سے امریکہ آج سپر پاور ہے،آج امریکا سپر پاور اس لئے نہیں کہ اس کے پاس اسلحے کا ڈھیر ہے بلکہ وہاں کی لائبریریوں میں ہر وقت لوگ علم کی تلاش میں مصروف ہیں،وہاں یونیورسٹیوں میں ہر وقت نئی تحقیق پر کام جاری ہے ۔
انہوں نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم موضوع پر تقریب کا انعقاد کیا، اقبال ڈے پر اگر ورکنگ ڈے ہو تو ہر تعلیمی ادارے میںاقبال کے حوالے سے پروگرام منعقد کروائے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میرے خیال سے اقبال کی تعلیمات اور فکر کی اہمیت کے لیے کسی چھٹی کی ضرورت نہیں،مجھے خوشی ہے کہ چھٹی کے باوجود یہاں بڑی تعداد میں طلبا و طالبات موجود ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ دنیا کی امامت کے لیے اپنے اندر صلاحیتوں کو پیدا کرنا ہو گا ،اقبال ڈے کے حوالے سے کہوں گا کہ اپنی زندگیوں کو فکر اقبال کے مطابق بہتر کریں تاکہ مسلم امہ کو آگے لیجایا جا سکے۔احسن اقبال نے مزیدکہا کہ علامہ اقبال نے قائد اعظم کو 17 کے قریب خطوط لکھ کر قائل کیا، اقبال نے قائد کو کہا کہ مسلمانوں کے معاشی حقوق کبھی بھی ہندوستان میں رہتے ہوئے حاصل نہیں ہو سکتے،قائد اعظم واپس آئے اور مسلمانون کی قیادت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 2047 میں ہم پاکستان کے 100ویں آزادی کا جشن منائیں گے ،ہمیں اتنا کام کرنے کی ضرورت ہے کہ کہہ سکیں کہ آزادی کے100 سالوں کا حق ادا کیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ کہ اگلے5 سال بہت اہم اورہمیں اس ملک کی بنیاد مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، ہمیں نوجوانوں کو مضبوط بنیاد دینا ہے تاکہ ہمارے نوجوان 2047 میں پاکستان کو دنیا کی صف اول کی معیشت میں لا سکیں۔انہوں نے کہاکہ آج کی دنیا میں وہی ملک محترم ہے جو معاشی طور پر مضبوط ہے، ہمیں بھی محنت کرکے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانا ہے ، ہمیں انتشار اور نفرت کا شکار نہیں ہونا، ہمیں ایک ہوکر اپنے ملک کو آگے لیجانا ہے ،
انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے معاشرے سے نفرت کو ختم کرنا ہے، ہم سب پاکستانی ہیں ، ہماری سوچ اور نظریہ میں فرق ہو سکتا ہے لیکن ہم سب کے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے،پاکستان کی تعمیر ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم متحد ہو کر اپنے دشمنوں کا سامنا کر سکتے ہیں۔