ٹرمپ حکومت آنے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد (صباح نیوز) دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے متعلق قیاس آرائیاں غلط ہیں،ٹرمپ حکومت آنے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، تعلقات مزید بہتر ہوں گے، حریت رہنما یاسین ملک کی بھوک ہڑتال پر شدید تشویش ہے، حریت رہنما یاسین ملک کو فوری طور پر صحت سہولتیں فراہم کی جائیں  ۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کے فارن مشن اور وزارتِ خارجہ کے درمیان بات چیت سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہوتی ہے ۔ پاکستان دوسرے ممالک کی سیاست اور اندورنی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔

پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی قیاس آرائیاں غلط ہیں، پاکستان کے چین سے تعلقات ہماری پالیسی کا حصہ ہیں ، دہائیوں پر مشتمل یہ تعلقات کسی چیز سے متاثر نہیں ہوتے۔دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ پرانے دوست اور پارٹنر ہیں، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دی ہے، پاکستان امریکہ کے ساتھ مضبوط دو طرفہ تعلقات کا خواہاں ہے،ٹرمپ حکومت آنے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کوپ کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم کی ملاقات کا امکان نہیں ، قاضی فائر عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کے معاملے پر برطانوی حکومت سے رابطے میں ہیں ،

ابتدائی معلومات کے بعد حکومت کی جانب سے معاملہ باضابطہ طور پر اٹھایا جائے گا۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 11 نومبر کو الریاض سمٹ میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ پاکستان فلسطین کی ازاد ریاست اور اسرائیلی جار حیت کے خاتمہ کا مطالبہ کرے گا،کہ او آئی سی کانفرنس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، سمٹ کی سائیڈ لائنز پر وزیر اعظم  او آئی سی رہنمائوں سے  ملاقاتیں کریں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ساتھ  ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم باکو کا دورہ کریں گے اور موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کریں گے،کانفرنس 12 اور 13 نومبر کو ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کی بھوک ہڑتال پر شدید تشویش ہے،

حریت رہنما یاسین ملک کو فوری طور پر صحت سہولتیں فراہم کی جائیں، بھارتی حکومت سے یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اور چین سکیورٹی صورتحال بات چیت کر رہے ہیں ، وزیر اعظم نے چینی سفارت خانے کو چینی باشندوں کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم شہبازشریف نے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی، پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتاہے۔ غزہ میں نسل کشی فوری بند کرنے کیلئے اقوام عالم اپنا کردار ادا کرے۔