رسالپور (صباح نیوز )چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن پریڈ کی تقریب ہوئی۔پریڈ کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا تھے۔پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے بدھ کو 150 ویں جی ڈی پی، 96 ای سی اور 106 اے ڈی کورس کے شرکا پاس آئوٹ ہوئے۔26 ویں اے اینڈ ایس ڈی، نویں ایل او جی اور 132 ویں سی ایس کورسز کے شرکا بھی پاس آئوٹ ہوں گے۔
اس موقع پر چیف آف دی ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سندھو بھی موجود تھے. پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاس آوٹ کیڈٹس نے سلامی دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں. پاکستان کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی میں ان کیساتھ کھڑا ہے. فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے. پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے کے مفاد میں ہے۔