مریم نواز سرکاری اسکولز این جی اوز کو دیکر اپنی ذمہ داری سے راہ فرار اختیار کر رہی ہیں.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سرکاری اسکولز این جی اوز کو دے رہی ہے ، قوم کے بچوں کو سستی تعلیم دینے سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے اور دوسری جانب سرکاری خزانے سے پی آئی اے کو خریدنے کا شوشہ حکمرانو ں کی غیر سنجیدگی اور ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے ۔ پنجاب کے گیارہ کروڑ عوام مہنگائی کے ہاتھوں پس کر رہ گئے ہیں ، دو وقت کی روٹی میسر نہیں ۔ بے روزگاری کی شرح اسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں اپنی ڈگریاں لے کر در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ،ملازمت ملتی ہے اور نہ ہی حکومت کی جانب سے ان کو کسی قسم کا کوئی ریلیف ملتا ہے ۔ ملکی حالات بد ترین ہو چکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو ملک میں مہنگا،ئی بدامنی، بیروزگاری اورسیاسی ومعاشی عدم استحکام ختم کرنے کی کوئی فکر نہیں ہے ۔آئینی ترمیم کے نام پر ملک میں جو کھیل کھیلا گیا اس نے حکمرانوں کی ترجیحات اور عوام کی اہمیت کو بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت آنے پر عوام کو تنہا چھوڑ کر بیرون ملک فرار ہونے والے نام نہاد حکمران بھی قوم کو تنہا نہ چھوڑنے کی باتیں کر رہے ہیں وہ اپنی ایسی باتوں سے قوم کو اب مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ لوگوں کے سامنے ان کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے۔ ان کا انجام بھی حسینہ واجد جیسا ہو گا۔ملک اس وقت بدترین حالات سے گزر رہا ہے نہ امن و امان ہے اور نہ بنیادی سہولیات، معیشت کی صورتحال بھی بہت خراب ہے۔ان بدترین حالات میں بھی حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں پر اربوں روپے خرچ کر رہاہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ  جماعت اسلامی ملک کے اندر عوام کی آواز کو بلند کر رہی ہے ۔ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ ملک کے اندر حقیقی تبدیلی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔موجودہ حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں ، آئی ایم ایف کے سامنے کشکول اٹھا کر بھیک مانگنے والے کیسے ملک و قوم کو بحرانوں سے نجات دلا سکتے ہیں