ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ، 2 سپاہی شہید ،4 زخمی

اسلام آباد،ڈی آئی خان (صباح نیوز )خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی)کی گاڑی پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں دو سپاہی شہید اور چار زخمی ہوگئے۔وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شہید سپاہی شیر الرحمن اور سید امین نے دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا۔ ترجمان کے مطابق شہید سپاہی شیر الرحمن کا تعلق جنوبی وزیرستان سے جبکہ شہید سپاہی سید امین کا تعلق صوابی گدون سے تھا۔

اس کے علاوہ زخمیوں میں حوالدار امتیاز، سپاہی محب شاہ، سپاہی صاحب دین اور سپاہی فضل کریم شامل ہیں۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ایف سی کے زخمی چاروں سپاہیوں کو علاج کے لئے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک ملانے کے لیے پرعزم ہے، ایف سی کے سپاہیوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پختہ عزم کی عکاس ہیں۔