اسلام آباد (صباح نیوز) ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق، عراقچی وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔
اس دورے کے دوران، دونوں ممالک کے رہنما پاک ایران دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے بھی مشاورت کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ تجارت، توانائی اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔