اسلام آباد (صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان نے 26 ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، درخواست میں ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ۔ سوموار کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے وکیل عمران شفیق کے توسط سے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کی گئی جس میں وفاق سمیت چاروں صوبوں کو فریق بنایا گیا ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے اور عدلیہ کی آزادی کے خلاف ہے لہذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ قرار دیا جائے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی صرف سنیارٹی کے اصول پر ہی ممکن ہے اور پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے چیف جسٹس کا تقرر غیر آئینی ہے۔جماعت اسلامی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ 26 ویں آئینی ترمیم اختیارات کے تقسیم کے اصول کے منافی ہے، یہ کالعدم قرار دی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ قرار دیا جائے کہ 26 ویں آئینی ترمیم بنیادی آئینی اساسات، قرارداد مقاصد، بنیادی حقوق سے بھی متصادم ہے۔درخواست گزار نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی تشکیل میں تبدیلی اور آئینی بینچز کی تشکیل کا طریقہ کار بھی آئین سے متصادم قرار دیا جائے۔