25کروڑ عوام کو حکمرانوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے، نوجوان آگے بڑھیں،ہمارا ساتھ دیں، حافظ نعیم الرحمن

کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود حکومت نوجوانوں کو تعلیم کے لیے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی، متوسط اور غریب گھرانوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، 25کروڑ عوام کو حکمرانوں نے اپنے ظلم و جبر سے یرغمال بنایا اور ملک کی دولت پر قبضہ کیا ہوا ہے، ملک اور قومی وسائل پر قابض حکمرانوں سے نجات اور قبضہ مافیا سے جان چھڑانے کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ہمت کریں، آگے بڑھیں، پاکستان کا نام روشن کریں۔ گزشتہ سال کے دوران بنو قابل پروجیکٹ کے ذریعے 50ہزارسے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروا چکے ہیں جو طلبہ ڈگری کورس کرنا چاہتے ہیں ان کو مفت ڈگری کورس بھی کروائیں گے اور ان کے روزگار کے لیے بھی سہولت اور معاونت کریں گے،بنو قابل 2.0,1.0 اور 3.0مکمل ہوچکے ہیں 4.0میں مزید 50ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائیں گے، کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ آفیسز بنانے جا رہے ہیں، 7نومبر کو لاہور میں نوجوانوں کی تعلیم کے حوالے سے ایک بڑا پروگرام کریں گے،آئندہ 2سال میں 10لاکھ نوجوانوں کو کورسز کرائیں گے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت کے تحت کراچی کے نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروانے  کے لیے اتوار کے روز سنگم گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا اور عید گاہ گراؤنڈ گلشن ِ معمار میں بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شرکاء سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا،کامیاب طلبہ و طالبات کو ویپ ڈیولپنگ، ویب ڈیزائننگ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کے کورسز مفت کرائے جائیں گے۔ سنگم اور عید گاہ کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں شریک طلبہ وطالبات کے لیے ہزاروں کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا، طلبہ و طالبات کی غیر معمولی حاضری کے باعث جگہ تنگ پڑگئی جس کے بعد فرشی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پرموجود تمام قائدین اور ہزاروں طلبہ و طالبات نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا، ٹیسٹ کے شرکاء نے حافظ نعیم الرحمن کی تصویر پر مشتمل فولڈرز کو ہواؤں میں لہرا کر جماعت اسلامی و الخدمت کی کاوشوں کو سراہا۔ قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر ایک بہت بڑا سا بل بورڈ لگا ہوا تھا جس پر تحریر تھا کہ”اب وقت ہے آگے بڑھنے کا”،اسٹیج کے عقب میں ایس ایم ڈی لگائی گئی تھی جس پر بنوقابل پروجیکٹ کے بارے میں بتایاجارہا تھا۔سنگم گراؤنڈ  فیڈرل بی ایریا میں چیف ایگزیکٹیو الخدمت کراچی نوید علی بیگ،امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج،سابق امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ خان،مسٹر یونیورس2024 رمیز ابراہیم،معروف فنکار ایاز خان،یوٹیوبر دانش نے جبکہ عید گاہ گراؤنڈ گلشن معمار میں امیر ضلع گڈاپ عرفان احمد، سابق قومی کرکٹر توصیف احمد، اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی، مارشل آرٹ کے چیمپئین  دلاور خان، اسلام 360کے زاہد چھیپا، نائب امیر ضلع ابو ضیاء پرویز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اسکلز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،نوجوانوں میں بڑاپوٹینشل ہے۔ہمارے ملک میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔ ملک کو اللہ تعالی نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے لیکن چند لوگ ان پر ناگ بن کر بیٹھ گئے ہیں۔ آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے ظالمانہ معاہدہ کرنے والوں نے عوام کے پیسوں پر ڈاکا ڈالا۔ حکمرانوں نے ان کی سرپرستی کی، ہمیں مختلف محاذوں پر کام کرنا ہے۔ حکمرانوں سے بھی مقابلہ کرنا ہے، نوجوان تعلیم حاصل کریں اور آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد دوسروں کو بھی سکھائیں،جتنی محنت ہمارا نوجوان ملک سے باہر کرتا ہے اس کی آدھی محنت پاکستان میں کریں ملک آگے بڑھے گا۔ چیف ایگزیکٹیو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ  امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے نوجوانوں کے لیے ویژن رکھا کہ انہیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھایا جائے، یہی نوجوان آگے بڑھ کر ملک کا نام روشن کریں گے۔ آج سنگم گراؤنڈ او ر عید گاہ گراؤنڈ میں ہزاروں کی تعداد میں شریک طلبہ و طالبات کی موجودگی سے ہمیں خوشی ہوئی ہے۔ شہر کراچی جہاں سرکاری کالجز میں معمولی سی فیس ادا کرکے تعلیم حاصل کی جاتی تھی۔ کراچی کے نوجوان کی تعلیم کے مواقع ختم کیے جا رہے ہیں۔ الخدمت و جماعت اسلامی کے تحت بنوقابل کے تحت ہزاروں طلبہ و طالبات اپنا کاروبار شروع کرچکے ہیں۔ بنوقابل 4.0 میں بھی 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو کورسز کروائیں گے۔  بنوقابل 12 کورسز سے شروع ہوا تھا’جو اب 29 کورسز تک پہنچ چکا ہے۔ الخدمت نے آئی ٹی سکلز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے banoqabiljob.comپورٹل بھی بنائی ہے۔  اس پورٹل میں آئی ٹی کمپنیز بھی رجسٹرڈ ہیں اس کے ذریعے طلبہ و طالبات کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ کامران سراج اور عرفان احمدنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ہزاروں نوجوان آئی ٹی کورسز حاصل کرنے کے لیے جمع ہیں، ان کا حوصلہ وعزم بتارہاہے کہ یہ ملک سے محبت کرتے ہیں اور آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ بد قسمتی سے حکومت تعلیم کے لیے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی، نوجوانوں کے لیے تعلیم کے تمام راستے بند کیے جارہے ہیں،ہمارا عزم ہے کہ آج جتنے بھی طلبہ و طالبات موجود ہیں ان سب کو مفت آئی ٹی کورسز کروائیں گے