ایون فیلڈ پر مظاہرہ کرنے والوں کا گھیراؤ کیا جائے گا، مسلم لیگ( ن) لندن کا اعلان

لندن (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر احسن ڈار نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی ایون فیلڈ ہاؤس مظاہرے کے لیے آئے گا اس کے گھر کا گھیرا وکیا جائے گا۔ یہاں مظاہرہ کرنے والوں کو اینٹ کا جواب پتھر سے ملے گا۔

ایون فیلڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے برطانیہ کے صدر احسن ڈار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ایسی نسل تیار کرلی ہے جس کو نہ اپنی عزت کا خیال ہے نہ کسی اور کی عزت کا خیال کرتے ہیں۔ ہم نے فیصلہ کرلیا ہے جو بھی ادھر کا رخ کرے گا اس کو پورا جواب دیا جائے گا۔پی ٹی آئی والے ہمیشہ ایسا ہی کام کرتے ہیں جو ملک و قوم کے لیے شرمندگی کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسی کو سیکیورٹی دینے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا لیکن انہوں نے منع کردیا کہ ان کو سیکیورٹی نہیں چاہیے۔ لیکن پی ٹی آئی والے یہ سمجھ جائیں گے نواز شریف قاضی فائز عیسی نہیں ہیں۔جو بھی ایون فیلڈ کے باہر آئے گا اس کے گھر کا گھیرا وکیا جائے گا چاہے وہ کوئی بھی صاحب ہوں یا صاحبہ ہوں۔احسن ڈار کا کہنا تھا کہ یہ انہوں نے کرائے کے لوگ رکھے ہوئے ہیں، جن کا ہمیں بھرپور دفاع کرنا آتا ہے۔ زلفی بخاری، شایان علی صاحبزادہ جہانگیر، ملیکہ بخاری سمیت مختلف رہنماوں کے گھروں کے باہر مظاہرے کریں گے۔