لاہور(صباح نیوز) حکومت پنجاب نے لاہور میں سموگ کی ابتر صورتحال کے باعث ایک ہفتے کیلئے پرائمری سکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارت سے ہوا پاکستان کی جانب آئی، گزشتہ روز سے لاہور میں سموگ کی صورتحال میں اضافہ ہوا، بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے اور دھوئیں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا،
امرتسر و چندی گڑھ سے ہوا پاکستان آئی تو اس میں سموگ بہت تیز تھی، بھارت سے سموگ آئی اور ایک دم پھیل گئی اور بھارت کی طرف سے چلنے والی ہوائوں سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے تدارک کے لئے حکومت پنجاب نے اقدامات کئے ، 8 ماہ میں پہلی بار پنجاب حکومت نے تمام محکموں کو بٹھا کر لائحہ عمل دیا، سموگ سے بچا ئو کے حکومتی پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے، 550 سے زائد بھٹوں کو مسمار کیا گیا ، پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی گئی ،
لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے تجاوز کر گیا ، کل مختلف علاقوں میں اے کیو آئی 1900 تک ہوگیا تھا، بعد میں یہ اے کیو آئی کافی کم ہوگیا تھا۔انہوںنے کہا کہ عوام سموگ کی صورتحال میں احتیاطی تدبیر اختیار کریں، ہماری ٹیمیں فیلڈ میں ہیں، صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں، اب تک ایک ہزار سپر سیڈز کسانوں میں بانٹے گئے ہیں، ای بائیکس منصوبہ شروع کیا گیا ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ معاملہ بھارت سے بات کئے بغیر حل نہیں ہو سکتا، بھارت سے بات کرکے ہی یہ معاملہ ٹھیک ہوسکتا ہے، سموگ کورونا کی طرح ہے جو سرحدوں سے آرہی ہے، سموگ خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے لاہور میں ایک ہفتے کے لیے پرائمری سکول بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے پانچویں جماعت تک سکولوں کو ایک ہفتے کی چھٹی دے رہے ہیں۔