امریکہ میں پاکستانی سفیر کی پاکستانی امریکن کمیونٹی سے ملاقات


نیویارک(صباح نیوز) امریکہ میں  پاکستانی سفیر  رضوان سعید شیخ نے  نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ساتھ ملاقات کی ہے ،ملاقات کے میزبان ڈاکٹرعابد شیخ تھے ۔  امریکہ میں پاکستانی سفیر  رضوان سعید شیخ نے نیویارک میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں منعقدہ کمیونٹی تقریب میں شرکت کی۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد نیویارک اور نیو جرسی میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ساتھ  یہ  ان کی پہلی باضابطہ ملاقات تھی ۔ معروف کمیونٹی رہنمائوں اور اراکین کی ایک بڑی تعداد نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سفیر پاکستان رضوان سعید  شیخ نے  اپنے خطاب میں پاکستان کی مثبت اقتصادی  صورتحال اور تارکین وطن کے لیے حکومت کی کوششوں کو اجاگر کیا جن میں تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت کاری  کے اقدامات شامل ہیں۔

سفیر پاکستان کے ساتھ شرکا کی بات چیت  نے  تعمیری مکالمے کی صورت سامنے آئی۔ پاکستانی  سفیر نے کمیونٹی کو سفارت خانے کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور پاکستان  کو درپیش  چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی تجاویز کی اہم قرار دیا ۔ انہوں نے درکار اصلاحات کے بارے میں کمیونٹی کے ممبران کی تجاویز کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے حوالے سے کمیونٹی رہنمائوں سے تبادلہ خیال کیا۔سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کمیونٹی کے ساتھ روابط بڑھانے  کے حوالے سے بھی سفارتخانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔