فیصل آباد(صباح نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کے 65فیصدنوجوانوں کوبھی مایوس کیاہے-ملک میں نوجوانوں کو متحرک اور منظم کرکے ہراول دستہ بناکر حقیقی تبدیلی لائیں گے- مہنگائی، بے روزگاری اور حکومتی معاشی ایجنڈے کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں متحرک ہیں جڑانوالہ میں جمعیت طلبہ احباب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پاکستان کو کرپٹ عناصر کے چنگل سے چھڑا کر حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد میں ہے۔ہمارا موقف ہے کہ جو بھی کرپٹ ہیں ان سب کا احتساب ہونا چاہیے۔موجودہ حکومت اپنے مفادات میں لگی ہوئی ہے آج ملک جس نہج پر ہے اس میں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ،پی ٹی آئی کی حکومتوں کا برابر کا حصہ ہے-انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ، اسرائیل اسلامی ممالک کا اتحاد نہیں چاہتا-
اس موقع پر جمعیت کے ناظم حسن بلال ہاشمی نے کہاکہ حکومت نے تعلیم کے لیے جو وعدے کئے وہ سب جھوٹے ثابت ہوئے-ہم ملک میں یکساں نظام تعلیم کے لیے کوشاں ہیں انہوں نے طلبا یونینز کوبھی فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا-