اسلام آباد (صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہصحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی ِصحافت ممکن نہیں، صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس بھی وفاقی حکومت کا صحافیوں کے تحفظ کیلئے ایک اہم اقدام ہے۔
صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں انہوںنے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافی دنیا کو باخبر رکھنے کیلئے دن رات مصروفِ عمل رہتے ہیں بد قسمتی سے صحافیوں کو سچ بولنے کی پاداش میں مختلف خطرات، مصیبتوں اور صعوبتوں کو جھیلنا پڑتا ہے ،امن کے علاوہ، تنازعات و جنگوں میں بھی صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیتے رہتے ہیں،سچ کے داعی ان صحافیوں کو پابندیوں ، تشدد ، دھمکیوں، اغوا اور قتل جیسے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، غزہ میں بین الاقوامی کنوینشنز کے باوجود درجنوں صحافیوں کو دانستہ قتل کر کے سچ کا راستہ روکا گیا ،صحافیوں کے قتلِ عام پر اقوامِ عالم اور بین الاقوامی تنظیموں کو اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے ،
صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی ِصحافت ممکن نہیں،ہماری حکومت نے صحافیوں کے تحفظ اور انکے حقوق کی پاسداری کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھائے ہیں ،پاکستانی صحافیوں نے جمہوریت، آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی کیلئے عظیم قربانیاں دیں، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کیلئے صحافی و میڈیا ورکرز کے تحفظ کا ایکٹ 2021 پاس کیا گیا،صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس بھی وفاقی حکومت کا صحافیوں کے تحفظ کیلئے ایک اہم اقدام ہے ،پاکستان میں صحافیوں کے خلاف جرائم کو روکنے، ارتکاب کرنے والوں کی سزا یقینی بنانے اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے پر عزم ہیں، آئین پاکستان آزادی اظہارِ رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے اور حکومت پاکستان اس کو یقینی بناتی ہے ۔