اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرکے ہماری معاشی آزادی بھی گروی رکھ دی گئی،ممتاز حسین سہتو، حافظ نصراللہ


کندھ کوٹ(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ حضورۖ کی شان اور ناموس کے اوپر ہماری جان،مال اور اولاد بھی قربان ہے، شان اقدس کا تحفظ کرنا امت مسلمہ پر فرض ہے،حکمران ملک کے خیرخواہ نہیں، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرکے ہماری معاشی آزادی بھی گروی رکھ دی گئی ہے، اپوزیشن اور حکومت کا ملک اورعوام کو لوٹنے پر مکمل اتفاق ہے،

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کندھ کوٹ کے تحت تنگوانی مقام مولوی احمدعلی بہلکانی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ صالح اور ایماندار قیادت اور اسلام کے بابرکت نظام کو نافذ کیئے بغیر روزگار،امن اور انصاف ملنے کی توقع کرنا عبث ہے، کالجوں، یونیورسٹیوں میں کوئی بچی محفوظ نہیں ہے ان اداروں میں جنسی درندے موجود ہیں جن کیخلاف اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں، نوکوٹ واقعہ سندھ کے معاشرے پر ایک دھبہ ہے ملوث ملزمان کو عبرت کا نشان بنایا جائے، رشوت، بھتہ خوری عام،پولیس مجرموں کی بجائے بے گناہوں کی پکڑ دھکڑ میں مصروف ہے،

اس موقع پر صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گذشتہ چودہ سالوں سے مسلسل حکمرانی کرنے والوں کے اقتدار میں آج نہ کسی کی جان محفوظ ہے اور نہ عزت، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں آئے روز ہماری بچیوں کے ساتھ زیادتی اوربلیک میل کرکے خودکشیوں کے واقعات عام ہوچکے ہیں، نائلہ رند سے نمرتا کماری اور نوشین شاہ سے پروین رند تک حوس اور جنسی ہراسمنٹ کے بدترین واقعات رونما ہورہے ہیں لیکن نااہل، نالائق اور کرپٹ حکمران سندھ کی تباہی کے بعد وفاقی حکومت پانے کیلئے دن رات جھوٹ کی راگنی گانے میں مصروف ہیں۔اسلام غیرت کا دین ہے اسلئے ہم مغربی تہذیب اور بے ہودہ کلچر کا خاتمہ کرکے غیرت کا کلچر متعارف کروانا چاہتے ہیں، حضورۖ نے فرمایا جس میں غیرت نہیں اس میں دین نہیں ہے اسلئے اب سندھ کے عوام اپنے عزتوں اور ددھرتی کی حفاظت کیلئے اب بیدار ہوچکے ہیں، ملک پر سیکولر نظام مسلط ہے اس بدبودار نظام کی وجہ سے آج سندھ کے تعلیمی اداروںمیں زیرتعلیم بچیاں بھی محفوظ نہیں ہیں، سندھ کے سیکولر حکمرانوں نے سندھ کے عوام پر مسلسل حکمرانی کرنے کے باوجود صحت،تعلیم، صاف پانی اور جان،مال عزت وآبرو کا تحفظ فراہم کرنے جیسے بنیادی سہولیات سے محروم کررکھا ہے بلکہ وہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں موجود جنسی درندوں کے ہاتھوں ہماری بہنوں کے ساتھ روا رکھی جانے والی زیادتیوں پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، اگر یہ ٹولہ مزید سندھ کی حکمرانی پر مسلط رہا تو کسی کی جان محفوظ ہوگی نا عزت، اسلئے ضرورت ہے کہ ملک پر اسلام کاعادلانہ اور انصاف کا نظام نافذ کیا جائے، جماعت اسلامی معاشرے کے اندر اس بابرکت نظام کو رائج کرنا چاہتی ہے جس سے نہ صرف تعلیمی اداروں بلکہ گھروں میں موجود خواتین اور بچیوں کی عزت بھی محفوظ رہے۔ان شاء اللہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں سیکولر،لبرل اور کرپٹ حکمرانوں کیخلاف میدان عمل میں ہونگے ، ہمارا مقابلہ ان لوگوں سے ہے جو معاشرے میں بے حیائی،بدکاری اور عدم تحفظ کا ماحول برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر ضلعی امیر لالاعبدالفتاح پٹھان ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔