لاہور کے علاقے شملہ پہاڑی اور اس کے گردونواح میں گرین لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب

لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کے علاقے شملہ پہاڑی اور اس کے گردونواح میں گرین لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے تاکہ سموگ کے اثرات کو کم کیا جاسکے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے ملٹی سیکٹورل ایکشن پلان کے تحت اس مہم میں مختلف ادارے بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، گلستان چوک، حاجی کیمپ اور ایمپرس روڈ سمیت دیگر علاقوں میں ڈس انفیکٹڈ واٹر سے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے تاکہ سموگ اور فضائی آلودگی کی شدت میں کمی لائی جاسکے۔

اس کے ساتھ ساتھ حاجی کیمپ اور ایمپرس روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن بھی کیا گیا، جس میں 200 ریڑیاں ضبط کی گئیں اور عارضی شیڈز گرائے گئے۔مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے پیچ ورک اور سپیشل سرویلنس ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ ایمپرس روڈ کے دفاتر میں پاور جنریٹرز کے گیس اخراج کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی ای پی اے لیب کی ٹیم کر رہی ہے۔ مزید برآں، شملہ پہاڑی کے علاقے میں پلانٹیشن کا عمل جاری ہے، جبکہ تمام اوپن باربی کیو پوائنٹس کو بند کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کارپولنگ کا طریقہ اپنائیں تاکہ ٹریفک اور آلودگی میں کمی لائی جاسکے