صدر مملکت کا بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دفاع وطن کی خاطر ہمہ وقت چوکس ہیں۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے میجر عاطف خلیل، نائیک آزاد اللہ اور لانس نائیک غضنفر عباس کو قوم کی جانب سے سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوںکے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی فورسز کے ساتھ ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے بنوں میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں  کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کے صبر جمیل کی دعا۔