پشاور(صباح نیوز)ناظم اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبرپختونخوا وسیم حیدر نے کہاہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے طلبہ یونین کی بحالی کا اعلان خوش آئند ہے.اسلامی جمعیت طلبہ اس فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے.حکومت فوری طور پر طلبہ یونین انتخابات کے انعقاد کا شیڈول بھی جاری کرے اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ طلبہ یونین کی بحالی اسلامی جمعیت طلبہ کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ یونین کی بحالی نہ صرف تعلیمی مسائل کے حل میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی، بلکہ اس سے جامعات اور کالجز میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات کی سیاسی تربیت اور پختگی میں بھی اضافہ ہوگا
انہوں نے کہاکہ طلبہ و طالبات، جو کہ تعلیمی اداروں کے سب سے اہم اسٹیک ہولڈرز ہیں،کو آج سے تقریبا 40 سال پہلے جنرل ضیا الحق نے طلبہ یونین پر پابندی لگا کر آزادی اظہارِ رائے، سیاسی تربیت اور مسائل کے حل کے پلیٹ فارم سے محروم کر دیا تھا، تاکہ اپنے اقتدار کو تحفظ دے سکیں۔ وسیم حیدر نے کہاطلبہ یونین کی بحالی پر تمام طلبہ و طالبات کو مبارکبادپیش کرتے ہیں.اورصوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر طلبہ یونین کے اصول و ضوابط جاری کیے جائیں اور یونین کے انتخاب کے مرحلے کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے.ہم طلبہ یونین کے انتخابات کے انعقاد اور اس فورم کی مکمل بحالی تک طلبہ و طالبات کے ساتھ کھڑے رہیں گے