اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے عوام گہرے برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ترکیہ کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب وزیر اعظم نے قومی دن کے موقع پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دہشت گردی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام غیر متزلزل رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1923 میں کمال اتاترک نے جدید ترکیہ کی بنیاد رکھی، ترکیہ نے تباہ کن زلزلوں اور سیلابوں کے بعد پاکستان کی امداد کی جس سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے رشتوں کی عکاسی ہوتی ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ترکیہ نے کورونا کی وبا کے دوران اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی ہمیشہ حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کے لئے بھی بھرپور تائید اور حمایت کی، پاکستان سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت 2 سالہ مدت کے لئے یکم جنوری 2025 سے سنبھال رہا ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہر گزرتے دن کے ساتھ باہمی دوستانہ تعلقات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، پاکستان ترکیہ کو دہشت گردی کے تدارک سمیت تمام اہم مسائل پر حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی دنیا کے بے شمار فورمز پر ہمیشہ حمایت کی ہے۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلسطینوں کے ساتھ غزہ اور بیروت میں اسرائیل کے جاری وحشیانہ مظالم پر دنیا کے دوہرے معیار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں جاری مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی بھائیوں کے لئے دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی بند کرانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کو فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطین کے قیام جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو، کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔ترکیہ کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں، پاکستان میں مقیم ترکیہ کے شہریوں، معززین اور سول و فوجی افسران بھی شریک ہوئے۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا.
امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمان نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔حافظ نعیم الرحمان نے ترکیہ کے قیام کی 101ویں سالگرہ کے موقع پر اسحاق ڈار دیگر شرکاء کے ساتھ کیک کاٹا اوراس موقع پر ترکیہ کے سفیر کو مبارکباد بھی دی