چین کی بدولت ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، ممتاز زہرا بلوچ

اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ چین کی ترقی سے دوسرے ملکوں کو امید ملتی ہے، چین کی قیادت میں ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔چین کی ترقی اور عالمی قیادت کے سفر پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں قریبی تعاون موجود ہے، ترقی پذیر ملکوں کو مشترکہ مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین کو بھی دیگر ملکوں کی طرح چیلنجز درپیش تھے، چینی حکومت نے یو این ڈی پی کے ساتھ اپنی پائیدار شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کے لیے خاطر خواہ تعاون کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کو بھی دیگرممالک جیسے چیلنجزدرپیش تھے، لیکن چین نے ان پر قابو پایا اور ترقی کی۔ چین ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہمسائیگی سے بڑھ کر ہیں۔