وزیر اعظم محمد شہباز شریف کل سے سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف 29 سے 30 اکتوبر تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے 8 ویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے، کابینہ کے اہم اراکین بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو ممالک کے لیے معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔

اس سال کے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کا تھیم انفینیٹ ہورائزنز: انویسٹنگ ٹوڈے، شیپنگ ٹومورو ہے جو عالمی سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرے گا جس کا مقصد مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، تعلیم، توانائی، خلا، مالیات، صحت کی دیکھ بھال اور پائیداری جیسے اہم مسائل کو حل کرنا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان اور دیگر اعلی سعودی حکام کے ساتھ اہم دو طرفہ بات چیت متوقع ہے۔

فریقین پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے اور اقتصادی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر غور کریں گے۔ وزیر اعظم کی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹوکے 8 ویں ایڈیشن کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنمائوں اور کاروباری افراد کے ساتھ بھی ملاقات متوقع ہے