نارووال(صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی سیاست کو بیرون ملک چوکوں چوراہوں میں برے انداز میں پیش کرکے اپنے ملک کی بدنامی کا باعث بننا کہاں کی محب الوطنی ہے۔ انٹرنیشنل کانفرنسز کا اسلام آباد میں کامیاب انعقاد حکومت کی بہتر خارجہ پالیسی کیباعث ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی میں کلین گرین نارووال پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں اپنے مخالفین سے یہ کہتا ہوں کہ آئیں ترقی میں ہمارا مقابلہ کریں،ترقی یہ نہیں کی آپ بیرون ملک طوفان بدتمیزی بھرپا کریں آپ کی اس حرکت کی وجہ سے بیرون ملک پاکستان کا نام بدنام کرنے کے علاوہ اور کچھ بھی حاصل نہیں۔اپنے ملک کی سیاست کو بیرون ملک چوکوں چوراہوں میں برے انداز میں پیش کرکے اپنے ملک کی بدنامی کا باعث بننا کہاں کی محب الوطنی ہے۔تبدیلی اسکا نام نہیں تبدیلی تعلیم،صحت،کاروبار کے موقع مہیا کرنا اور کھیلوں کے مواقع مہیا کرنا ہوتا ہے۔نارووال میں اس سال میڈیکل کالج کا آغاز ہونے جارھا ہے جس وجہ سے نارووال علم کی دنیا میں ایک اور قدم اٹھانے میں کامیاب ہو جائے گا۔آج سے 10سال پہلے کا نارووال کسی بھی بڑے تعلیمی ادارے سے محروم تھا مگر آج کا نارووال تعلیمی درسگاہوں سے مالامال ہے۔آج ہمارے بچے اور بچیاں اپنے گھر میں رہ کر اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور اسکو ترقی کہتے ہیں گالیاں نکالنے والوں نے 4سال میں جو کیا وہ آج آپ کے سامنے ہے بتائیں اس تبدیلی سرکار نے کیا کیا ہے۔ہمارے تمام منصوبوں کو بلاوجہ التوا کا شکار کرکے ان منصوبوں کی لاگت کو بڑھایا گیا،اب قیمتوں میں اضافے کا یہ بل اڈیالہ جیل بھیجا جائے۔جب مجھے انہوں نے جیل میں بھیجا تب ڈاکٹروں نے مجھے فیزیوتھراپی تجویز کی تھی مگر مجھے اس وقت قید کے دوران ایسی کوئی سہولت میسر نہیں آئی،اور نتیجے کے طور ہر آج میرا بازو ٹیڑھا رہ چکا ہے جو مجھے عمران خان کے سلوک کی یاد دلاتا رہے گا۔ہم نے مشکل وقت میں مشکل فیصلے کرکے اس وقت دیوالیہ ہونے والی معیشت کو سنبھالا دیا جو نسبتا اس وقت مشکل لگتا تھا۔آج ہم نے اس ملک کو معاشی طور پر ایک بہتر ملک بنا دیا ہے۔آج انٹرنیشنل کانفرنسز کا اسلام آباد میں کامیاب انعقاد ہماری حکومت کی بہتر خارجہ پالیسی کی بابت ہے اور مجھے اللہ تعالی کی مدد پر یقین ہے کہ 2029 کو جب ہم دوبارہ الیکشن میں جائیں گے تب آپ دیکھیں گے کہ پاکستان کی ترقی کس قدر بہتر حالت میں ہو گی۔
احسن اقبال نے کہامیں ڈی۔سی نارووال اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ شہر کی تعمیر و ترقی اور صفائی ستھرائی کا جو کام آپ انتہائی خوش اسلوبی سے کر رہے ہیں اس مشینری کے خریداری کے ساتھ صفائی کا مشن مزید کامیابیوں سے ہمکنار ہوگا۔ بحثیت مسلمان ہمیں آپ(ص)کے فرمان صفائی نصف ایمان پر عمل پیرا ہونا چاھیے تاکہ ہمارا کردار ہمارے گھر محلے اور بازار کی صاف سے ظاہر ہو۔صفائی کا کام سنت کا کام ہے اور جو لوگ اس کام کو سرکار دوعالم کی سنت کے مطابق کام کریں وہ اپنی نوکری کو عبادت کے طور پر کررہے ہوں گے۔آئیے مل کر ایک عزم کریں کہ ہم مل کر اپنے شہر کو صاف کریں گے۔تقریب کے اختتام پر 27 اکتوبر یوم سیاہ کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری اور ممبر صوابئی اسمبلی و چئیرمین پنجاب بیت المال کی زیر قیادت میونسپل کمیٹی آفس سے احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی،جسمیں مختلف محکموں کے اہلکاروں،افسران،سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔