پنجاب حکومت کی جانب سے پرائمری اساتذہ کے لیے ٹی این اے ٹسٹ  صریحاً غیرقانونی ہے،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ


لاہور۔امیر جماعت اسلامی کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پرائمری اساتذہ کے لیے ٹی این اے (TNA)کے نام سے آن لائن ٹیسٹ اور اس کی بنیاد پر اساتذہ کی ملازمت کے مستقبل کا فیصلہ صریحاً غیرقانونی، غیر آئینی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ ملازمتیں ریوڑیاں نہیں ہیں جو اندھا اپنوں میں ہی بانٹتا رہے۔ تقرریوں کا مکمل قانون اور طریقہ کار موجود ہے۔ اس تمام طریقہ کار کے بعد ملازمت کرنے والے اساتذہ کرام کی برطرفی کا بھی قانون موجود ہے، ان تمام قوانین میں آن لائن ٹیسٹ صریحاً دھاندلی اور فراڈ ہے اور اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ نظام تعلیم کی اصلاح کی بے شمار ترجیحات موجود ہیں، مثلاً اساتذہ کے لیے جدید خطوط پر ریفریشر کورسز، پنجاب بھر کے سیکڑوں سکولوں میں بلڈنگ، بجلی، پانی، لیٹرین اور اساتذہ وغیرہ کی کمی کو پورا کرنا ہے۔ انھوں نے وزیر تعلیم کو کہا کہ وہ من مرضی کے فیصلے اور نت نئے تجربات کرنے کی بجائے اساتذہ کے لیے سہولتوں کی فراہمی اور طلبہ و طالبات کے لیے کوالٹی ایجوکیشن کے حقیقی اقدامات کی طرف توجہ دیں۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ پر پرچے کرانے کی بجائے اپنے فیصلے کی اصلاح کریں۔