کشمیری  عوام  حق خودارادیت  کی جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے،امیر العظیم


لاہو ر:سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے 27اکتوبر 1948ء کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی قبضہ کے خلاف دنیا بھرمیں یوم سیاہ منائے جانے کے موقع پر جماعت اسلامی لاہور کے تحت احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، عبدالعزیز عابد و دیگر موجود تھے۔ مظاہرہ میں خواتین کی بڑی تعداد بھی میں شریک تھی۔شرکا نے پلے کارڈ، بینرز اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے جس پر بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔

امیر العظیم نے شرکا سے کرتے ہوئے کہا کہ 77سال سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر آئینی و غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے، ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بھارتی فوج نے شہید اور لاکھوں افراد اب بھی بھارتی جیلوں میں قید ہیں، اس کے باوجود وہ کشمیری عوام کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکا۔ کشمیری حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان شاء اللہ کشمیری اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے۔امیر العظیم نے کہا کہ اقوام متحدہ کا قانون کہتا ہے کہ کسی فوج یا ریاست نے زمین کے ٹکڑے پر قبضہ کر لیا ہے تو اس کی آزادی کے لیے لوگوں کی جدوجہد جائز ہے، پاکستان کے حکمران بھارت کو کبھی موسٹ فیورسٹ نیشن قرار دینے کی کوشش کرتے ہیں اور کبھی الو پیاز کی تجارت کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیے بغیر بھارت کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں لائے جا سکتے جب کہ تک مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت 5اگست 2019ء سے پہلی والی پوزیشن بحال نہیں ہوتی اس وقت تک بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی باتیں بانیان پاکستان کے دیرینہ اصولی موقف سے روگردانی اور کشمیری شہدا کے خون سے غداری ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر 9لاکھ سے زائد بھارتی کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اس پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27اکتوبر 1948ء کو بھارتی فوج کشمیر میں داخل ہوئیں، آج 77برس ہو گئے دنیا بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور لاکھوں کشمیریوں کی شہادتوں پر خاموشی تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبان ہے، ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔