اٹک میں کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے تقریب ،واک کا اہتمام


اٹک(صباح نیوز)اٹک میں کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے تقریب اورواک کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں اے سی اٹک شگفتہ جبیں ،میونسپل آفیسررضاالٰہی ،مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اورطلبا وطالبات نے شر کت کی،کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ریلی کے شر کانے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔

پورے پاکستان کی طرح اٹک میں بھی 27اکتوبر کو کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔اٹک شہر میں یوم سیاہ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 27اکتوبرکو بھارت نے ظالمانہ طریقے سے کشمیرمیں اپنی فوجیں داخل کیں اورقبضہ کرلیا۔اس کے بعد ان پر ظلم وستم کے پہاڑتوڑنا شروع کر دیئے۔مقررین نے کہاکہ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چاہیے،کشمیریوں کو آزادی نہ دے کر ان کا بنیادی حق پامال کیا جا رہا ہے جو انتہائی زیادتی ہے۔بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے حقوق پامال کر تے ہوئے گذشتہ 77سالوں سے ان کی آزادی سلب کی ہوئی ہے اور ہمارے کشمیری بھائی انتہائی مشکل زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور بھارت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے اور انہیں ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ڈوگرہ راج کے وقت سے آزادی کے لیے کو شاں ہیں اور آج بھارت ان پر ظلم وستم ڈھا کر ان کی آواز کو دبانا چاہتا ہے جو ممکن نہیں ہے۔ پاکستانی عوام بھر پور انداز میں کشمیری عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جس سے بھارت سفار تی محاذ پر تنہا رہ گیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ ظلم وستم کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔مقررین نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی عوام کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔اب وقت آگیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار دے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی حاصل ہوگی اور وہ آزاد فضا میں سانس لیں گے اور آزاد زندگی بسر کریں گے، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر یں اور اپنی معیشت کے ساتھ اپنے کردار کو بھی مضبوط بنائیں۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے طلبا نے کہا کہ کشمیر کی جنگ بیانیہ کی جنگ ہے اور آج پاکستان کی عوام اس جنگ میں کامیاب ہوئی ہے،اب کشمیر کی جنگ 24 کروڑ عوام لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ آخری سانس تک جاری رہے گی۔انہوں نے خطاب کر تے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پو ر حمایت کا اعلان کیا۔تقریب میں طلبا کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی انہوں نے ہا تھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے۔یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے واک بھی ہوئی ۔واک کے دوران شرکا نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیریوں سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔ واک کے دوران مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کشمیر یوں کی حق خود ارادیت اور بھارت کے ظلم وستم پر  پر جوش نعرے لگائے۔اٹک میں کشمیرکے یوم سیاہ کے حوالے سے ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں ریلیز اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام نے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کااظہارکیا۔