لاہور(صبا ح نیوز) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ26ویں آئینی ترمیم نے چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا راستہ بند کردیا، جسٹس منصور علی شاہ نے مرتبے کو برقرار نہ رکھا، خود کو چھوٹا کرلیا۔کاش وہ کل کا لیٹر نہ لکھتے، ان کا عمرے پر چلے جانے ہی کافی تھا،وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنااللہ نے ماڈل ٹاون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2017 میں اچھے بھلے ترقی کرتے پاکستان کو ایک سازش کا شکار کیا گیا جس میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ساتھ عدلیہ کا بھی کردار تھا، ثاقب نثار نے ایک منتخب وزیراعظم کو نکالنے کے لیے غیر آئینی اور غیر قانونی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو پروجیکٹ اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ نے مسلط کیا تھا اس کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر آگیا، اب خدا خدا کرکے شہباز شریف کی ان تھک محنت سے ملک معاشی طور پر بحرانی کیفیت سے نکل آیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور ہمیشہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کیا جب کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے توانائی بحران پر قابو پایا۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ 2017 میں ایک منتخب وزیراعظم کی حکومت کو غیرآئینی طریقے سے ختم کیا گیا، نوازشریف کی قیادت میں پھلتے پھولتے اور ترقی کرتے پاکستان کو ٹریک سے ہٹایا گیا تاہم آج وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کو عوامی تائید حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ آئینی ترمیم کے بعد امید پیدا ہوئی ہے کہ پاکستان کو ان چور راستوں سے نقصان نہیں پہنچایا جائے گا، اب وہ چور دروازے بند ہوگئے ہیں۔رانا ثنا کا کہنا تھا کہ جسٹس یحیی آفریدی کا انتخاب بہت مناسب ہے، معزز ججز باہم دست و گریباں ہیں، ایک دوسرے کو خطوط پر خطوط لکھ رہے ہیں، جن میں گلی محلوں میں ہونے والے جھگڑوں کی زبان اور شرمناک و گھٹیا جیسے الفاظ استعمال کیے جارہے ہیں، پڑھے لکھے لوگوں سے اس طرح کی توقع نہیں کی جاسکتی، اب تک ججز کی گروپنگ میں جسٹس یحیی علیحدہ رہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کل جسٹس منصور علی شاہ نے لیٹر لکھ کر جو زبان استعمال کی، پہلی مرتبہ انھوں نے اپنے مقام و مرتبے کو بھی برقرار نہیں رکھا، انہوں نے خود کو چھوٹا کردیا، کاش وہ کل کا لیٹر نہ لکھتے ان کا عمرے پر چلے جانے ہی کافی تھا،انہوں نے کہا کہ جو مسودہ منظور ہوا وہ مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی نے مل کر بنایا، ہم اس لئے متفق ہوئے کہ قومی یکجہتی سامنے آئے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کسی کا ادھار رکھنے والے بندے نہیں، امید ہے چیف جسٹس یحیی آفریدی چیزوں کو بہتر کریں گے، بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی ضمانت پر ڈیل کی بات غلط ہے۔