لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ ن پنجاب نے مجوزہ صوبائی لوکل باڈیز بل کا جائزہ لینے کے بعد 2 ہفتوں تک تمام عہدیداران کو اپنی ڈویژنل تنظیموں اور کارکنوں سے مشاورت کے بعد تجاویز طلب کرلی ہیں۔رانا ثنااللہ کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) پنجاب کا تنظیمی اجلاس لاہور میں پارٹی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر میں خالی تنظیمی عہدے ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اجلاس کے آغاز میں پارٹی کے سینئر رہنما حمیر حیات خاں روکھڑی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور مشکل دور میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اجلاس کو صوبائی وزیر بلدیات کی جانب سے تجویز کردہ لوکل باڈیز بل سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس نے معاشی اور سیاسی بحران پر قابو پانے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے میاں نوازشریف کو پارٹی کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی، اجلاس میں قائد میاں نوازشریف کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے جمہوریت کے لییان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
پارٹی اعلامیہ کے مطابق تنظیمی اجلاس میں منطور کی گئی قراردادوں میں وزیراعظم شہباز شریف کی معیشت کے لیے کامیاب حکمت عملی پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشکل ترین معاشی حالات میں بجلی کے بلوں میں ریلیف پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے 500 یونٹ تک صارفین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز بجلی کے بلوں میں 54 ارب روپے کا ریلیف دیا، پاکستان میں مہنگائی تین سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، عام آدمی کے استعمال کی اشیا خور و نوش کی قیمتیں بھی تیزی سے کم ہو رہی ہیں۔
اجلاس نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے مفت ادویات کی فراہمی، الیکٹرک بائیک کی تقسیم، کسان کارڈ اور ہمت کارڈ کی تقسیم کے منصوبوں کو قابل ستائش قراردیتے ہوئے اپنی چھت، اپنا گھر پروجیکٹ شروع کرنے پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔۔