حکومت کو ججز کی سکیورٹی کا معاملہ سنجیدگی سے لینا ہوگا،چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ

پشاور(صباح نیوز) پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے  سماعت کے دوران ججز کی سکیورٹی کے معاملے پر  ریمارکس د یتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تو خود بندوقیں نہیں اٹھا سکتے، حکومت کو ججز کی سکیورٹی کا معاملہ سنجیدگی سے لینا ہوگا۔سماعت خیبرپختونخوا بار کونسل کی درخواست پر کی گئی، جس میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے معاملے پر 6 سوالات کے جوابات طلب کئے ۔ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ آئی جی نے تفصیلی جواب جمع کرنے کے لئے دو روز کا وقت مانگا ہے۔ چیف جسٹس نے اس موقع پر کہا کہ ایک کے بعد دوسرا واقعہ پیش آتا ہے، ہم زیادہ خطرے میں ہیں۔چیف جسٹس نے وفاقی حکومت کو بھی اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وفاق کا بھی اس معاملے میں کام ہے۔ انہوں نے جوڈیشری کی سکیورٹی سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی اور وفاقی اور صوبائی حکومت سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کیا۔عدالت نے اس معاملے کی سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔