لاہور (صباح نیوز)نو منتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے نام پر رات کی تاریکی میں جو کھیل کھیلا گیا ہے اس نے حکمرانوں کی ترجیحات اور عوام کی اہمیت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ایک طرف عوام مہنگائی، بدامنی، بیروزگاری اورسیاسی ومعاشی عدم استحکام سے پریشان ہیں تو دوسری جانب حکمران بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ملک و قوم کو نا اہل ، کرپٹ اور مفاد پرستوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کا وایلا کر رہی ہے، سب اچھا کی رپورٹیں دکھائی جا رہی ہیں، آئی ایم ایف سے قرض ملنے پر مبارک بادیں دی جا رہی ہیں جبکہ المیہ یہ ہے کہ ان ظالموں نے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ حکمرانوں نے مایوس کن کارکردگی کی بدولت قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ملک و قوم تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں۔چہرے بدلنے سے حالات نہیں بدلیں گے بلکہ اس کے لئے ضروری ہے کہ نظام کو بدلا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران جھوٹ پر مبنی اپنے بلند و بانگ دعووں سے قوم کو اب مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ لوگوں کے سامنے ان کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے۔
ان کا انجام بھی حسینہ واجد جیسا ہو گا۔ملک اس وقت بدترین حالات سے گزر رہا ہے نہ امن و امان ہے اور نہ بنیادی سہولیات، معیشت کی صورتحال بھی بہت خراب ہے۔ان بدترین حالات میں بھی حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں پر اربوں روپے خرچ کر رہاہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ممبر سازی مہم مکمل یکسوئی سے جاری ہے ، پنجاب وسطی میں ابتک بارہ لاکھ سے زائد افراد کو ممبر بنایا گیا ہے اور ان شا اللہ ہم اپنا ہدف حاصل کریں گے ۔ جماعت اسلامی کے پیغام کو ہر گھر میں پہنچائیں گے ۔” ممبر بنو ، قوت بنو ” کے سلوگن کو عام کریں گے ۔ جماعت اسلامی کے دروازے معاشرے کے ہر فرد کے لئے کھولے ہیں ۔ وہ وقت دور نہیں جب اپنی افرادی قوت میں اضافہ کرکے ملک کی بھاگ دوڑ میں سنبھالیں گے اور تقدیر کو بدل کر رکھ دیں گے